Dec ۱۴, ۲۰۲۴ ۰۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران افغانی مہاجرین پر سالانہ 10 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کرتا ہے، ایران کے اقوام متحدہ میں نمائندے

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ ، افغانی مہاجرین پر سالانہ 10 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کرتا ہے

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران میں ساٹھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین مقیم ہیں اور تہران ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سالانہ دس بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کرتا ہے، جبکہ عالمی برادری کی طرف سے خاطر خواہ مدد نہیں کی جاتی۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب، امیر سعید ایروانی نے جمعرات کو افغانستان کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک پڑوسی ملک کے طور پر، خاص طور سے سن دو ہزار بیس میں امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ انخلا کے بعد سے، افغانستان کے بحران سے پیدا ہونے والے بوجھ کا ایک غیرمتوازن حصہ برداشت کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ساٹھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین نے ایران میں پناہ لے رکھی ہے جس کی وجہ سے ہمارے محدود وسائل پر بہت دباؤ پڑ رہا ہے، افغان مہاجرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایران سالانہ دس ارب ڈالر سے زیادہ خرچ کرتا ہے لیکن عالمی برادری کی طرف سے اس معاملے میں خاطر خواہ حمایت نہیں کی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر سفارت کار نے کہا کہ افغان مہاجرین کی بڑی تعداد کی میزبانی کرنے والے ایران اور پاکستان جیسے ممالک کو مسلسل امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے اندر رہائش، ملازمت اور بنیادی خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ افغان مہاجرین کی واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ٹیگس