Mar ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران: جرمن سفیر اور برطانوی ناظم الامورکی وزارت خارجہ میں طلبی

جرمنی اور برطانیہ کے ایران مخالف رویئے اور اقدامات کے بعد تہران میں جرمن سفیر اور برطانوی ناظم الامورکو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق انسانی حقوق کونسل میں جرمنی اور برطانیہ کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رویئے نیز ان کی جانب سے ایران مخالف قرار داد پیش کئے جانے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے شعبہ خواتین و حقوق بشر کی ڈائریکٹرجنرل فروزندہ ودیعتی نے جرمن سفیر اور برطانوی ناظم الامور کو طلب کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کے شدید اعتراض سے انہیں مطلع کیا۔  انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ کے دوران صدام حکومت کو جرمنی  سے کیمیائی اسلحے کی سپلائی کا ذکر کرتے ہوئے،انسانی حقوق کونسل سے بطور حربہ کام لینے اور ایرانی عوام پر دباؤ ڈالنے کے لئے انسانی حقوق سے غلط فائدہ اٹھانے کی مذمت کی۔

ایرانی وزارت خارجہ کی شعبہ خواتین و حقوق بشر کی ڈائریکٹر جنرل نے  جرمن سفیر اور برطانیہ کے ناظم الامور کو ایرانی تیل کی صنعت قومی تحویل میں لئے جانے کے دن طلب کیا تھا۔ انھوں نے اس موقع پر ایران کے داخلی امور میں برطانوی حکومت کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کی طویل تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، انسانی حقوق کونسل میں برطانیہ کے ایران مخالف اقدامات کو غیر تعمیری قرار دیا اور کہا کہ یہ رویہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کا اعتبار ختم ہوجانے اور ان سے ملکوں کا اعتماد اٹھ جانے کا باعث ہے۔ محترمہ فروزندہ ودیعتی نے برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے، مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے نسل کشی پر مبنی جرائم   نیز ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی یک طرفہ پابندیوں کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ انسانی حقوق کے دفاع کا دعوی کریں۔   انھوں نے اسی طرح برطانوی پارلیمنٹ میں، اس ملک کے وزیر خارجہ کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یورپی ملکوں کی جانب سے عہد وپیمان کی مسلسل خلاف ورزیوں منجملہ جامع ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرنے اور ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں میں ان کی مشارکت کا ذکر کیا اور برطانوی ناظم الامور کو یاد دہانی کرائی کے ایران کا ایٹمی پروگرام ہمیشہ پرامن اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی نگرانی میں رہا ہے اور سیاسی اہداف کے تحت بے بنیاد الزام تراشیوں کی تکرار سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔  

 برطانوی ناظم الامور اور جرمن سفیر نے وعدہ کیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اعتراضات سے اپنی حکومتوں کو مطلع کریں گے۔

 

ٹیگس