اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کی منظوری پر کڑی تنقید
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کی منظوری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ایک امتیازی عمل قرار دیا جس سے کونسل کی ساکھ مجروح ہو سکتی ہے۔
سحرنیوز/ایران: جنیوا میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے علی بحرینی نے انسانی حقوق کونسل کے اٹھاون ویں اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے عنوان سے پیش کردہ قرارداد اور اس کی منظوری کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی تباہ کن صورتحال اور اس کے مجرموں کی معافی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایسی صورتحال میں جب فلسطین میں انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اس کے مرتکبین اعلیٰ ترین استثنیٰ اور معافی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، اس قرارداد کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کی غلط تصویر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
علی بحرینی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فریب پر مبنی اقدام کی مخالفت کریں اور بعض ممالک کی طرف سے اس کونسل کے غلط سیاسی استعمال کو روکیں۔