مغربی ممالک ایران کو ایٹمی توانائی سے محروم نہیں کرسکتے ہیں: محمداسلامی
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران کو ایٹمی انرجی سے محروم کرنے کی مغربی ممالک کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔
سحرنیوز/ایران: محمد اسلامی نے کہا کہ آج ایٹمی سائنس و ٹیکنالوجی ملکی سائنس دانوں کی کوششوں اور اسی سرزمین کے نوجوانوں کے ضمیر کی آواز کا نتیجہ ہے۔ ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے ایٹمی ٹیکنالوجی پر مغربی ممالک کی اجارہ داری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ برداشت نہيں ہے کہ کوئی ملک خودمختار ہو اور ان کے حکم اور پالیسیوں کے مطابق عمل نہ کرے اور ان پر انگلی اٹھائے۔ محمد اسلامی نے کہا کہ اللہ کے کرم سے ایران کو روکنے کی ان کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں اور اپنی رخنہ اندازيوں اور مخالفتوں سے انھیں کچھ حاصل نہيں ہوا اور آئندہ بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ مغربی ممالک یورینیئم کی افزودگی پر اپنی اجارہ داری چاہتے ہيں اور ان کا خیال ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک کو یورینیئم کو افزودہ کرنے کی اجازت نہيں ملنی چاہئے۔