ایران ایکسپو 2025 میں سرخس اسپیشل اکنامک زون کی شرکت اور 50 نئے منصوبوں کی رونمائی
Apr ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
سرخس اسپیشل اکنامک زون تہران میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ایران ایکسپو 2025 میں شرکت کرے گا اور اپنے پچاس نئے منصوبوں کی رونمائی کرے گا۔
سحرنیوز/ایران: سرخس اسپیشل اکنامک زون، آستان قدس رضوی انڈومنٹ پروڈکٹیویٹی فاؤنڈیشن کا ذیلی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ ایران کی برآمدی صلاحیتوں سے متعلق ساتویں نمائش ایران ایکسپو دو ہزار پچیس (Iran Expo 2025 ) میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع متعارف کرانے کے مقصد سے شرکت کرے گا اور اس بین الاقوامی نمائش میں سرمایہ کاری کے پچاس نئے منصوبوں کی رونمائی کرے گا۔
ایران کی برآمداتی صلاحیتوں کی ساتویں نمائش 28 اپریل 2025 سے تہران میں شروع ہوگی جو پانچ دن تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کے دوران سرخس اسپیشل اکنامک زون100 مربع میٹر رقبے پر ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی میزبانی کرے گا۔
یہ اکنامک زون ترکمانستان کی سرحد کے قریب اور شمال- جنوب کوریڈور گیٹ وے کے قریب ہونے کی وجہ سے ملک کے مشرقی علاقے میں سرمایہ کاری کا سب سے اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔ اسی بات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اس نمائش میں سرمایہ کاری کے پچاس مختلف منصوبوں کی رونمائی کی جائے گی۔
ایران اکسپو2025 کا افتتاح ایران کے صدر مملکت اور سو ممالک کے دو ہزار سرمایہ کاروں کی موجودگی میں کیا جائے گا۔
یہ نمائش پچاس ہزار مربع میٹر رقبے پر منعقد کی جائے گی ، اس نمائش میں سات قسم کی مصنوعات بشمول فوڈ انڈسٹریز، زراعت ، ماہی گیری، ادویات ، طبی آلات، تعمیراتی صنعت، پیٹرو کیمیکلز اور ٹیکنیکل انجینئرنگ کی خدمات شامل ہیں۔
سرخس اسپیشل اکنامک زون پویلین کا خصوصی ہال نمبر A4144 ہے جسے سرمایہ کاروں، تاجروں اور ملک کے مشرقی حصے کی صلاحیتوں سے دلچسپی رکھنے والے مہمانوں کی میزبانی کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔
اس بین الاقوامی نمائش کا ایک اوراہم نکتہ یہ ہے کہ مختلف ممالک کے پچاس اعلیٰ سطحی وفود کی شرکت سے 3500 سے زائد B2B میٹنگز منعقد ہوں گی جن کے ذریعہ سرخس اسپیشل اکنامک زون کی صلاحیتوں کو متعارف کرایا جائے گا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں میں سرخس اسپیشل اکنامک زون نے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے ، لاجسٹکس کی جگہ کو ترقی دینے اور کاروباری عمل کو آسان بنا کر اقتصادی پیداواری صلاحیت کے طویل مدتی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اہم اقدامات انجام دیئے ہیں۔