پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی ایران کا مسلمہ حق؛ محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان
اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان اور نائب سربراہ نے پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی کو ایران کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان اور نائب سربراہ بہروز کمالوندی نے صبح بین الاقوامی میڈیا فیسٹیول میں شریک بین الاقوامی میڈیا ہاؤسیز کے نمائندوں اور ممتاز صحافیوں کے ساتھ ایک نشست میں ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے نے امریکی صدر کے اس بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ تیل سے مالامال ذخائر کے پیش نظر ایران کو ایٹمی توانائی کی ضرورت نہیں ہے، کہا ہے کہ پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی ایران کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے بارے میں ٹرمپ یہ فیصلہ نہیں کرسکتے کہ ہمارے پاس ایٹمی انرجی رہے یا نہ رہے۔ پر امن ایٹمی توانائی اسلامی جمہوریہ ایران کا حق ہے۔ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے کہا کہ ہماری ایٹمی سرگرمیاں این پی ٹی کے دائر ے میں ہیں اور ہم اس کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے منشور اور قوانین کے مطابق پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی سے بہرہ مندی ہمارا حق ہے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے نائب سربراہ بہروز کمالوندی نے امریکی وزیر خارجہ کے اس دعوے کے بارے میں کہ ایران ایٹمی اسلحہ نہ رکھنے والا واحد ایسا ملک ہے جو یورینیئم کی افزودگی کررہا ہے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں مغالطہ ہوا ہے کیونکہ ہالینڈ، بلجیئم، جنوبی کوریا، برازیل اور جاپان کے پاس بھی ایٹمی اسلحہ نہيں ہے لیکن وہ یورینئیم کی افزودگی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون اور اپنی ایٹمی سرگرمیوں کی شفاف سازی پر ہم نے وقت لگایا ہے اور ہماری ایٹمی سرگرمیوں پر ایجنسی کے تفتیش کاروں نے حد اکثر نگرانی کی ہے اور اب بھی ان کی نگرانی جاری ہے، اور یہ باتیں ثابت کرتی ہیں ک ہماری سبھی ایٹمی سرگرمیاں پر امن ہیں۔