ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں؛ میجر جنرل باقری
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے ہرمزگان میں مسلح افواج کی جنگی اور آپریشنل تیاری کے معائنے کے موقع پر کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ہر صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے کماںڈر، جنرل محمد باقری نے اتوار کو ایرانی فوج کی بحریہ کے زون ون کے معائنے کے موقع پر بحریہ کی اسٹریٹیجک فورس کے کمانڈروں کے درمیان گفتگو بتایا کہ ان کے خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کے اس دورے کا مقصد، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج بالخصوص، بحریہ کی اسٹریٹیجک فورس اور سپاہ نیوی کی تیاری نیزملک کے قومی ذخائر اور آبی سرحدوں کے دفاع کے لئے آپریشنل آمادگی کا جائزہ لینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے اس دورے میں، مختلف قسم کے آپریشنوں کے لئے آمادگی کی زمینی صورتحال کا مختلف طریقوں اور زاویوں سے جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، صوبہ ہرمزگان میں مسلح افواج کی آمادگی کی سطح اور آپریشنل کیفیت کا جائزہ لینے کے لئے، بری فوج کے کمانڈر جنرل سید عبدالرحیم موسوی اور بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل شہرام ایرانی کے ہمراہ بندر عباس پہنچے ہیں۔