May ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران کی قومی سلامتی کے سیکریٹری کی پاکستانی و ہندوستانی حکام سے ٹیلی فونی بات چیت

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری پاکستان اور ہندوستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیروں سے الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں مختلف سیکورٹی اقتصادی اور سیاسی میدانوں میں باہمی تعاون پر زور دیا ہے

سحرنیوز/ایران:ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے پاکستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر محمد عاصم سے ٹیلی فونی گفتگو میں سیاسی اقتصادی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ایران اور پاکستان کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے دشمنوں کو اس بات کی اجازت نہيں دیں گے کہ وہ خطے کے چین و سکون کو درہم برہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ہمسایہ ممالک سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے وعدوں پر قائم ہیں۔ 

پاکستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر عاصم منیر نے بھی علاقے میں ایران کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون اور تعلقات کی توسیع پر زور دیا۔ 

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے ہندوستان کے وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔اس موقع پر علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ایران اور ہندوستان قدیم تہذیب کے مالک دو بڑے ملک ہیں جن کے درمیان سیاسی اور اقتصادی میدان میں تعاون کے متعدد مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے چابہار بندرگاہ کے ترقیاتی پروگرام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون دونوں ممالک اور علاقے کی سلامتی کے مفاد میں ہے لہذا تعاون کے اس سلسلے کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔قومی سلامتی کے امور میں ہندوستانی وزیر اعظم کے مشیر اجیت دووال نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کی قدردانی کی اور کہا کہ نئی دہلی سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی شعبوں بالخصوص چابہار بندرگاہ کے ترقیاتی پروگرام اور شامل جنوب ٹرانزٹ کوریڈور میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
 

ٹیگس