غریب آبادی: یک جانبہ پابندیاں انسانی حقوق کے منافی ہیں
نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ یک جانبہ پابندیاں انسانی حقوق کے منافی ہیں اور اس کی بھینٹ چڑھنے والوں کی عدل و انصاف تک دسترسی ایک گمشدہ کڑی ہے۔
سحرنیوز/ایران: نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے تہران میں یک جانبہ پابندیوں کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس کے موقع پر، انسانی حقوق سے بہرہ مندی پریک جانبہ زور زبرستی کے اقدامات کے منفی اثرات کی خصوصی رپورٹرآلینا دوہان سے ملاقات میں یک جانبہ پابندیوں کے نتائج پر گفتگو کی۔
کاظم غریب آبادی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یک جانبہ پابندیاں اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف ہیں، کہا کہ یک جانبہ پابندیاں لگانے والی حکومتوں کو اقوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے لئے جواب دہ ہونا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران خصوصی رپورٹر نے یک جانبہ پابندیوں کی بھینٹ چڑھنے والوں کی آواز اٹھانے کے حوالے سے کافی کوششیں کی ہیں جس کے نتیجے میں ان غیر انسانی اقدامات کے نتائج پر بین الاقوامی برادری کی توجہ بڑھی ہے لیکن ان تمام کوششوں کے باوجود اب بھی، ان اقدامات کی بھینٹ چڑھنے والوں کو عدل وانصاف تک دسترسی حاصل نہیں ہے اور تہران کانفرنس اس کا راستہ کھولنے کی راہ میں ایک قدم ہے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ وسیع، منظم اور ٹارگیٹیڈ یک جانبہ پابندیاں نہ صرف یہ کہ موجودہ نسل کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ جن ملکوں پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں، ان کی پائیدار ترقی بھی کمزور کرکے، ان کی آئندہ نسلوں کے انسانی حقوق بھی پامال کرتی ہیں۔
یک جانبہ اقدامات کے منفی اثرات کی خصوصی رپورٹر محترمہ آلینا دوہان نے اس ملاقات میں اس کانفرنس کی میزبانی پر تہران کی قدردانی کی ۔
انھوں نے ان اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یک جانبہ پابندیوں کی بھینٹ چڑھنے والوں اور ان کے ملکوں پر ان کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں لہذا عدل وانصاف تک ان کی دسترسی ضروری ہے۔