ایٹمی توانائی کے استعمال کے ایران کے حق کو، کوئی بھی معاہدہ نظرانداز نہیں کرسکتا: ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ
ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ہر دوسری قوم کی طرح، ایرانی عوام کو بھی ایٹمی توانائی سے فائدہ اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔
سحر نیوز/ ایران:محمد اسلامی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ایٹمی صنعت، ایک بنیادی، معلومات پر مبنی اور ترقی کو فروغ دینے والی صنعت ہوتی ہے جس کے اثرات تمام شعبوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام حصوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی صنعت ایک انجن کی مانند ہر ملک کے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو آگے بڑھا سکتی ہے۔
ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس صنعت کو حاصل کرنے کے لیے بھاری قیمت چکائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے استقامت کے جذبے کے تحت اس ٹیکنالوجی کو حاصل کیا ہے، اسے کہیں سے خریدا نہیں ہے اور درآمد بھی نہیں کیا، لہذا ہر دوسری قوم کی طرح ایرانی عوام کو بھی ایٹمی توانائی سے فائدہ اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔
محمد اسلامی نے کہا کہ عالمی قوانین، معاہدے اور اصول ایران کے اس حق کو نظرانداز یا نفی نہیں کرسکتے نہ ہی اس راستے پر ہمارے سامنے کوئی رکاوٹ کھڑی کرسکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے بھی بدھ کی صبح امام خمینی (رح) کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایٹمی صنعت، یورینیم کی افزودگی کے بغیر بیکار ہے اور امریکہ اور صیہونی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ وہ ایران کے اس حق کو چھیننے کی جرات تک نہیں کرسکتے۔