Jun ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران و ہندوستان ، باہمی تعلقات میں فروغ پر زور

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے برکس ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے اجلاس کے موقع پر ہندوستان کے پارلیمانی اسپیکر سے ملاقات میں ایران اور ہندوستان کے درمیان پارلیمانی تعلقات کی توسیع اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کی تقویت پر زور دیا۔

  سحرنیوز/ایران:ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے برازیل میں منعقدہ برکس تنظیم کے رکن ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے گیارہویں اجلاس کے موقع پر ایران و ہندوستان کے پارلیمانی اسپیکروں کے مابین ہونے والی ملاقات میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تاریخی و ثقافتی مشترکہ اقدار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان ایک دوسرے سے اور زیادہ رابطے رکھ سکتے ہیں۔

انھوں نے علاقے میں ایران اور ہندوستان کے اہم کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان رابطے قابل قبول ہیں تاہم فریقین کے پارلیمانی روابط کو بھی اسی سطح پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں دوستی گروپ اور کمیشن بنے ہوئے ہیں مگر توقع اس سے زیادہ کی ہے۔

محمد باقر قالیباف نے ہندوستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی جو بین الاقوامی قوانین کے منافی تھا مذمت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس موقع پر ہندوستان اور پاکستان دونوں ملکوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی اور ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کا دورہ بھی کیا۔

انھوں نے کہا کہ ایران ، ہندوستان کو روس اور چین کے ہمراہ اپنا اسٹریٹیجک پارٹنر سمجھتا ہے اور ہندوستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے پارلیمانی اسپیکر اوم برلا نے بھی ایران و ہندوستان کے درمیان مختلف گہرے بندھنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایران و ہندوستان کے درمیان جاری تعاون مستقبل میں مزید فروغ پائے گا اور ہم دو طرفہ تعلقات اور زیادہ قریب کرنے کی کوشش کریں گے۔

 

ٹیگس