ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال
صہونی حکومت کی جارحیت اور ایران کے جوابی حملوں کا سلسلہ رک جانے کے بعد ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے میں تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کی سہ پہر اپنے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس کے دوران ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت اور پھر اسرائیل کی جارحیت اور ایران کے جوابی حملوں کا سلسلہ روک دئے جانے کے اعلان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور خطے میں رونما ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے موجودہ صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ارضی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف جارحیت کے سبب، عالمی برادری صیہونی حکومت اور امریکہ کو بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرانے کی پابند ہے۔
ہندوستانی وزیر خارجہ نے جنگ کا سلسلہ روک دئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سفارتی مشاورت کے مسلسل جاری رہنے والے عمل کو بھی سراہا اور جنگ کے دوران دونوں ممالک کے مابین قونصلر سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔