شب عاشور کی آمد پر ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں شہدائے کربلا کی عزاداری
نواسہ رسول کی شب شہادت، شب عاشور کی آمد پر ایران عراق اور برصغیر پاکستان و ہندوستان میں عزاداری و سوگواری کا سلسلہ اپنے عروج کو پہنچ گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی اگر بات کی جائے تو اس سال کا محرم گزشتہ برسوں کی بنسبت کچھ منفرد ہی نظر آ رہا ہے۔ محرم سے قبل صیہونی دہشتگردی کے نتیجے میں ہونے والی سیکڑوں شہادتوں نے اس بار کے محرم کو خاص جوش اور حرارت عطا کر دی ہے۔ ’ایرانِ حسین تاابد پیروز است‘ کے سلوگن کے ساتھ ایران اس سال اپنے مولا و آقا سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کا سوگ منا رہا ہے۔ آج نو محرم الحرام کی مخصوص مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ پورے ملک میں جاری رہا اور اس وقت مشہد مقدس، قم دارالحکومت تہران کے علاوہ سبھی چھوڑے بڑے شہریوں، قریوں میں شب عاشور کی مجالس اور جلوسہائے عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ حسینی عشق و عقیدت کی معراج اس وقت کربلائے معلی میں دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں نواسہ رسول حضرت امام حسین اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہم السلام کے روضہ ھای مبارک، بین الحرمین اور اطراف کی سڑکیں ماتمی دستوں، زائروں اور عزاداروں سے لبریز ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے بہت بڑی تعداد میں زائرین، کربلائے معلی پہنچے ہیں جن میں ہندوستان اور پاکستان کے ہزاروں زائرین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اور ہندوستان میں بھی آج نو محرم کی مناسبت سے حسین کے چاہنے والوں نے پڑی شان و شوکت کے ساتھ مجالس، سینہ زنی نوحہ ماتم اور جلوسہائے عزا کی شکل میں کربلا والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس وقت شب عاشور کے آتے ہی حرارتِ عزا میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سمیت پورے پاکستان میں نواسہ رسول کے دلدادہ سوگواری میں مصروف ہیں۔ اُدھر ہندوستان کے مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک سبھی چھوٹے بڑے شہروں منجملہ لکھنؤ، ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، پٹنہ، کولکتہ اور خاص طور پر خطہ کشمیر میں شید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والے اپنی والہانہ عقیدت و الفت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ مکتب کربلا کے ساتھ تجدید عہد کر رہے ہیں۔ بعض علاقوں سے اطلاعات ہیں کہ سخت گرمی کے پیش نظر بلا تفریق مذہب و ملت عزاداروں نے رہگزروں کے لئے سبیلیں بھی لگائی ہیں۔ یاد رہے کہ کل بروز اتوار ایران، عراق، پاکستان ہندوستان اور بعض دیگر ملکوں میں یوم عاشور ہے۔