ایران نے دشمن اقدامات کا مؤثر جواب دیا، جنرل موسوی
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل موسوی نے قطر کے نائب وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو پوری قوت سے جواب دے کر اپنے حق کا دفاع کیا۔
سحر نیوز/ ایران: ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران نے 12 روزہ جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف پوری قوت اور فیصلہ کن انداز میں ردعمل دیا اور بین الاقوامی سطح پر ایران کا حق و انصاف پر مبنی مؤقف ثابت ہوگیا۔
انہوں نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیردفاع کے مشیر خالد بن محمد العطیہ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران قطر کی جانب سے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مذمت پر قطری حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قطر ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے فلسطینی مظلوم عوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 12 روزہ جنگ میں ایران کی قانونی اور اخلاقی برتری دنیا پر آشکار ہوئی، اور یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کسی بھی بین الاقوامی اصول یا ضابطے کی پابندی نہیں کرتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس جنگ کے دوران امریکہ نے صہیونی حکومت کو مکمل انٹیلیجنس اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی تاکہ وہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے بچ سکے۔ اس کے باوجود ایران کی مسلح افواج نے جارح قوتوں کے مقابلے میں پوری طاقت سے کھڑے ہوکر ان کے ظلم و جبر کا منہ توڑ جواب دیا۔
دوسری جانب قطری رہنما خالد بن محمد العطیہ نے اس گفتگو میں کہا کہ قطر نے جنگ کے آغاز سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملوں کی کھل کر مذمت کی اور تمام فریقوں کو یہ واضح پیغام دیا کہ قطر نہ تو اپنی فضائی حدود اور نہ اپنی زمین کو کسی بھی جنگی مقصد کے لیے استعمال کرنے دے گا۔
انہوں نے مسئلے کے سفارتی حل پر قطر کے مستقل مؤقف کا اعادہ کیا۔