Aug ۱۷, ۲۰۲۵ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • اربعین حسینیؑ کی عظیم میزبانی پر عراق کو ایران کا خراج تحسین

عراق میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے ایک خصوصی پیغام جاری کرکے امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر عراق کے دینی مراجع کرام، حکومت، عوام، عشیروں اور سیکورٹی افواج کی بے مثال میزبانی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔

 سحرنیوز/ایران: ایران کے سفیر کے پیغام میں آيا ہے کہ کربلا کی راہ میں محبت اور اخلاص جلوہ گر ہوجاتا ہے جہاں عراق کے سپوت اس نورانی راستے پر جو کچھ ان کے بس میں ہوتا محبت بھرے ہاتھوں اور آسمانی نگاہوں سے زائرین امام حسین (ع) کو پیش کرتے ہیں اور کرامت اور بے لوث خدمت کا سلیقے اور طریقے کی دنیا والوں کو تعلیم دیتے ہیں۔

محمد کاظم آل صادق نے اس پیغام میں لکھا ہے کہ آپ کے کریم فرزندوں نے، حسینی جذبے سے مالامال دل کے ساتھ، اباعبداللہ (ع) کے زائروں کی، بغیر کسی توقع اور تکلف کے میزبانی کی۔

انہوں نے لکھا کہ:" اے عراق کے شریف عوام، مراجع عظام سے لیکر حکومت اور عوام تک ، شجاع عشیروں سے لیکر پرجوش نوجوانوں اور زینبی خواتین اور بہنوں تک،  سیکورٹی اہلکار، کہ جنہوں نے زائروں کی سلامتی کو دن رات یقینی بنایا، دل کی گہرائیوں سے آّپ سب کے شکرگزار ہیں۔"

ایران کے سفیر نے مزید لکھا کہ ان حسینی کرم کے دسترخوانوں نے "ہیہات من الذلہ" کے نعرے کو دشمنوں تک پہنچا دیا اور واضح کردیا کہ خطے کے عوام تفرقہ انگیز سازشوں کی زد میں آنے والے نہیں ہیں اور ان شااللہ قیام عاشور کی پیروی کرکے ظلم و غاصبانہ قبضے کے پرچم کو علاقے سے اکھاڑ پھینک دیں گے۔

قابل ذکر ہے عراقی حکام اور حضرت عباس (ع) کے روضے کے ادارہ اطلاعات و نشریات کے مطابق، اس سال 2 کروڑ 10 لاکھ عزاداران سیدالشہدا (ع) نے اربعین امام حسین (ع) کے موقع پر کربلائے معلی کی زیارت کی اور ملین مارچ کا حصہ بننے کا شرف حاصل کیا۔

ٹیگس