Aug ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • تہران اور اسلام آباد کا زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

تہران میں متعین پاکستانی سفیر نے اپنے ملک کے وزیر زراعت اور فوڈ سیکورٹی کے اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ہمارا تعاون وسیع ہو گا تاکہ مشترکہ تجارت کے حجم میں 10 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

 سحرنیوز/ایران: محمد مدثر ٹیپو نے بتایا کہ وزیر زراعت اور فوڈ سیکورٹی  رانا تنویر حسین نے  اپنے ایرانی ہم منصب غلام رضا نوری قزلجہ سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ایرانی حکام نے آئندہ دو سال میں پاکستان سے چاول اور گوشت سمیت زرعی مصنوعات کی درآمد کو دوگنا کرکے 1.5 بلین ڈالر کرنے پر اتفاق کیا اور ایران بھی پاکستان سے مکئی کی خریداری شروع کردے گا۔

پاکستانی سفیر  کے مطابق دونوں ملکوں  نے ایک مشترکہ زرعی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا جو ہر 6 ماہ بعد میٹنگ کرے گي تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور موسمیاتی تبدیلی اور زرعی پیداوار کے شعبوں میں سائنسی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تحقیقی کونسل قائم کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ سامان کی سپلائی کو بہتر بنانے کے لیے لاجسٹک روٹس کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ تجارتی حجم کو تیزی سے بڑھانے کے لیے زیادہ ترغیبات کے پیش نظر آزاد تجارت اور بارٹر میکینزم کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔

 

ٹیگس