مشہد المقدس میں ماہ صفر کے آخری عشرے میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات
ماہ صفر کے آخری عشرے میں آستان قدس رضوی کے غیرملکی زائرین کے لئے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔
سحرنیوز/ایران: آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین کے ڈائریکٹر جناب مہدی لسانی نے آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیغمبر اکرم (ص) اور امام حسن مجتبیٰ (ع) اور امام رضا(ع) کی شہادت کا سوگ منانے کے لئے ان پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ دیگر ممالک سے آنے والے زائرین ایک روحانی اور پر سکون ماحول میں عزاداری کر سکیں۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ ان بابرکت ایّام میں عرب زبان، اردو زبان اور آذری زبان زائرین کےلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تاکہ اہلبیت(ع) کے چاہنے والے اپنی زبان اور ثقافت کے مطابق عزاداری کرسکیں۔ عرب زبان زائرین کے خصوصی پروگرامز جناب لسانی نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے عرب زبان زائرین کے پروگراموں کی وضاحت کی اور کہا کہ ستائیس صفر کو نماز مغربین کے فوراً بعد پیغمبر اکرم(ص) اور امام حسن مجتبیٰ(ع) کی شہادت کی مناسبت سے عرب زبان زائرین کے لئے حرم امام رضا(ع) کے صحن غدیر میں عزاداری کا خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں پیغمبر اکرم(ص) کی زیارت پڑھی جائے گی نوحہ خوانی اور دعا کمیل قرائت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شہادت کے دن نماز مغربین کے بعد صحن غدیر میں عزاداری کا ایک اور خاص پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں عراق سے تعلق رکھنے والے خطیب جناب سید زید البطاط خطاب فرمائیں گے اور نزار القطری نوحے اور مرثیے پڑھیں گے۔ اس کے علاوہ امام رضا(ع) کی شہادت کی مناسبت سے بھی عزاداری کے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔
اردو زبان زائرین کے لئےعزاداری کے خصوصی پروگراموں کا انعقادآستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین نے بتایا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ماہ صفر کے آخری عشرے میں اردو زبان زائرین کے لئے عزاداری کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اکرم(ص) اور امام حسن مجتبیٰ (ع) کی شہادت کی مناسبت سے جمعرات اور جمعہ کو نماز مغربین کے فوراً بعد مجلس عزاء اور ماتم داری کا خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں جناب محمد اجمل زیارت پڑھیں گے اور سید محمد موسوی مرثیہ خوانی کریں گے،حجت الاسلام والمسلمین سید سجاد مہدی رضوی مجلس عزاء سے خطاب فرمائیں گے اور جناب عارف حسین زاہدی اور وحید حسین لاشاری نوحہ خوانی کریں گے۔
واضح رہے کہ اردو زبان زائرین کے لئے عزاداری کے یہ پروگرامز حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں منعقد کئے جائیں گے۔ شہادت امام رضا علیہ السلام کی مناسبت سے اردو زبان زائرین کا خصوصی پروگرام حرم امام رضا(ع) کے صحن گوہر شاد میں منعقد کیا جائے گا جس میں جناب میر احمد علی رضوی مرثیے پڑھیں گے اور حجت الاسلام سید سجاد مہدی رضوی خطاب فرمائیں گے آخر میں سید عمران علی نقوی نوحے پڑھیں گے۔ آذری زبان زائرین کے پروگراموں کی تفصیلات جناب مہدی لسانی نے بتایا کہ آذری زبان زائرین کے لئے بھی پیغمبر اکرم(ص)، امام حسن مجتبیٰ(ع) اور امام رضا(ع) کی شہادت کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق دارالرحمہ میں عزاداری کے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔