ایرانی بحریہ کی اقتدارِ پائیدار میزائل مشقیں اختتام پزیر
ایرانی بحریہ کی اقتدارِ پائیدار چودہ سو چار نام سے موسوم میزائل مشقیں طے شدہ اہداف کے حصول کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں
سحرنیوز/ایران:یہ مشقیں شمالی بحر ہند اور بحیرہ عمان میں انجام پائیں جن کے دوران مختصر سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے مختلف رینج کے "نصیر اور قدیر" نامی نیول کروز میزائل، ساحل پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل "قادر"، اور تباہ کن ڈرون باور فائیو کا بھوپور انداز میں استعمال کیا گیا۔
"قادر" نیول کروز میزائل ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا اسٹیلتھ اینٹی شپ میزائل ہے جس میں اعلی سطح کی درستگی اور تباہ کن صلاحیت موجود ہے اور اسے دشمن کے بحری جہازوں اور اس کے ساحلی اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
قدیر نیول کروز میزائل بھی ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز اور اسٹیلتھ میزائل ہے اور یہ بھی اونچی سطح کی تباہ کن صلاحیت کا حامل اور اہداف کو پوری درستگی سے نشانہ بنانے پر قادر ہے۔ جبکہ نصیر نیول کروز میزائل ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ اسٹیلتھ کروز میزائل ہے اور یہ بھی بھوپور انداز میں تباہ کن صلاحیت اور ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی توانائی سے لیس ہے۔
ان مشقوں کے دوران، مختلف قسم کے بحری جہازوں اور آبدوزوں کے یونٹس، ہوا بازی کے یونٹس، ساحل سے سمندر تک مار کرنے والی میزائل سائٹس، بحری میزائل سائٹس سمیت بحری کی متعدد اکائیوں نے آپسی ہماہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے طے شدہ اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کیا۔