عالمی ایجنسی کے معائنہ کار بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایندھن کی تبدیلی کی نگرانی کریں گے: ترجمان ایرانی محکمہ ایٹمی توانائی
ایٹمی انرجی آرگنائزیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ IAEA کے معائنہ کار بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایندھن کی تبدیلی کی نگرانی کریں گے۔
سحرنیوز/ایران: انہوں نے واضح کیا کہ ایران میں IAEA کا کوئی بھی معائنہ کاری ایران اور عالمی ایجنسی کے درمیان تعاون کے فریم ورک کے تحت ہونے والے سمجھوتے اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کو ایک انٹرویو میں بہروز کمال وندی نے کہا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ سے قومی گرڈ کو بروقت مطلوبہ بجلی فراہم کرنے کی ضرورت کے پیش نظر، یہ فیصلہ کیا گیا کہ IAEA کے معائنہ کار اس پاور پلانٹ میں ایندھن کی تبدیلی کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظاہر ہے کہ پارلیمنٹ کی حالیہ قرارداد کی بنیاد پر کوئی بھی معائنہ کاری ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کے فریم ورک اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی منظوری کے بعد ہی انجام دی جاسکتی ہے۔