صدر پزشکیان کی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات، صہیونی حکومت کے خلاف مسلم اتحاد پر زور
صدر پزشکیان نے دوحہ میں قطر اور دیگر ممالک کے سربراہان مملکت سے ملاقاتیں کیں اور صہیونی جارحیت روکنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد پر تاکید کی۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دوحہ میں او آئی سی اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے موقع پر میزبان قطر اور دیگر ممالک کے سربراہان مملکت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور خطے کے تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر نے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران زور دیا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانا ہی صہیونی حکومت کے بار بار کے جرائم اور مظالم کا مقابلہ کرنے کا سب سے مؤثر راستہ ہے۔
قطر کے امیر تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات میں دوحہ پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملے کی شدید مذمت کی اور قطر اور حماس کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
صدر پزشکیان نے مصری ہم منصب السیسی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور مصر کے تعلقات خطے کے مفاد میں ہیں اور اسلامی ممالک کا اتحاد صہیونی جرائم کو روکنے کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔
انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان ممالک آپس میں متحد ہوجائیں تو صہیونی حکومت کو کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کی جرات نہیں ہوگی۔