Sep ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران کی قرارداد منظور نہ ہونے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ، ایرانی مندوب

ویانا میں ایران کے مستقل مندوب نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے آئی اے ای اے میں ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا ہے جس میں تمام ملکوں کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کو غیرقانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن امریکہ اس کی مخالفت کر رہا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ویانا میں ایران کے مستقل مندوب رضا نجفی نے کہا کہ اس قرارداد کے مسودے کے تیار ہوتے ہی مختلف ملکوں سے اس کی حمایت کے لیے مذاکرات شروع ہوگئے لیکن امریکہ ان ملکوں پر دباؤ ڈال کر اس قرارداد کو منظور ہونے سے روکنا چاہتا ہے حالانکہ ان کے پاس اس کے رد میں کوئی دلیل بھی نہیں ہے۔

رضا نجفی نے کہا کہ اس نوعیت کی قرارداد آئی اے ای اے میں پہلے بھی منظور ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 1980 کی دہائی میں جب صیہونی حکومت نے عراق کے زیرتعمیر ایٹمی ری ایکٹر پر حملہ کیا تو اس کے بعد اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل نے اس جارحیت کے خلاف قرارداد 487 منظور کی اور اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے اسے دوہرائے نہ جانے کا حکم دیا۔

ویانا میں ایران کے مستقل مندوب رضا نجفی نے بتایا کہ ایٹمی مراکز پر حملے کے نتیجے میں ممکنہ تابکاری ماحولیات اور انسانی جانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے اور عقلمندی اسی میں ہے کہ دنیا کے تمام ممالک اس قرارداد کی حمایت کریں۔

رضا نجفی نے کہا کہ آئی اے ای اے میں موجود زیادہ تر ملکوں کے نمائندوں نے کہا ہے کہ وہ اس قرارداد کے حق میں ہیں تاہم اب تک صرف 5 ملکوں نے اس قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ امریکہ اور بعض دیگر ملک اس معاہدے کو منظور ہونے سے روکنے کے لیے سیاسی دباؤ ڈال رہے ہیں۔

ٹیگس