دشمن اسنیپ بیک کو ایران کی معیشت اور یکجہتی کے خلاف ہتھیار بنا رہا ہے: قالیباف
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دشمن اسنیپ بیک کے ذریعے ایران اسلامی کے اقتصاد اور اتحاد کو نشانہ بنانا چاہتا ہے
سحرنیوز/ایران: اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے اتوار کی شام صوبہ سمنان کے تین ہزار شہیدوں کی یاد میں منعقدہ دوسری قومی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کہا کہ اس وقت دشمن ہماری سماجی وحدت ویک جہتی اور اقتصاد کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان حالات میں کسی بھی گروہ، جماعت اور فرد کو اس کا اپنا جو بھی نظریہ اور رجحان ہو، اندرونی یک جہتی کو مخدوش کرنے کا حق نہیں ہے۔
ایران کے اسپیکر نے اقتصادی میدان میں سرگرم افراد کو مجاہدین جنگ اقتصادی قرار دیا اور کہا کہ ان کی مشکلات پر توجہ دینے اور انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ اسنیپ بیک بحال ہونے کی صورت میں عوام ہر دباؤ برداشت کرنے اور انقلابی اقدار کے لئے استقامت پر تیار ہیں اور اپنی عزت و شرف کا تحفظ کریں گے۔