ایرانی مندوب: امریکہ کے ویٹو نے صہیونی حکومت کو فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے
اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے سلامتی کونسل کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ویٹو نے صہیونی حکومت کو فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری بحران کو ختم کرنے میں سلامتی کونسل مکمل طور پر مفلوج اور بے بس ہوچکی ہے۔
اسرائیلی مظالم کو روکنے کی تمام عالمی کوششیں امریکہ کے مسلسل ویٹو کے باعث ناکام ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ حالیہ مہینوں میں چھٹی بار سلامتی کونسل فلسطینی عوام پر جاری وحشیانہ حملوں کو روکنے کے لیے قرارداد منظور کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ امریکہ کی جانب سے ویٹو پاور کا مسلسل غلط استعمال ہے۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ یہ رکاوٹ نہ صرف عالمی برادری کی انصاف، امن اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت کے برخلاف ہے بلکہ امریکہ کے اس دعوے کی بھی نفی کرتی ہے کہ وہ امن کا داعی ہے، جب کہ عملی طور پر وہ قابض اسرائیلی حکومت کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔
ایران نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطین میں نسل کشی اور قبضے کا خاتمہ کیا جائے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جسے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل ہو۔