کھیل کود میں صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کا مطالبہ
ایران کے کھیل کود کے وزیر نے صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کے لئے ایک متحدہ محاذ کی ضرورت پر زور دیا
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے کھیل کود کے وزیر احمد دنیا مالی نے 57 اسلامی ملکوں کے کھیل کود کے وزرا کو خط لکھ کر کھیل کود کے میدان میں صیہونی حکومت کے بائیکاٹ کے لئے ایک متحدہ محاذ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انھوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں المپک کے بنیادی منشور میں ہر طرح کے امتیاز کی نفی، انسانی کرامت، مساوات اور اقوام کے درمیان امن و دوستی کے فروغ کو کھیل کود کی بنیاد قرار دیا گیا ہے ۔
انھوں نے لکھا ہے کہ کھیل کود ہمیشہ اقوام کے درمیان افہام و تفہیم اور یک جہتی کا وسیلہ رہا ہے اور اس کے منشور کی خلاف ورزی کھیل کود اور اولمپک کے اہداف اور پیغام کے لئے خطرہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر کھیل نے اسلامی ملکوں کے وزرائے کھیل کے نام اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت 1948 میں وجود میں آنے سے آج تک فلسطینی قوم کے نسلی تصفیے اور اس کو صفحہ ہستی سے مٹادینے کے لئے کوشاں رہی ہے اور اس حکومت کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم اور اس کے ہاتھوں فلسطینی قوم کی نسل کشی ایسی حقیقت جو ثابت ہوچکی ہے۔