مشرقی ایران میں جیش العدل کا سیل تباہ، ایرانی فورسز کی کامیاب کارروائی
ایرانی سیکورٹی فورسز نے مشرقی ایران میں کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ جیش العدل کے سیل کو تباہ کردینے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی سیکورٹی فورسز نے ایک پیچیدہ اور فیصلہ کن کارروائی کے دوران مشرقی ایران میں جیش العدل نامی دہشت گرد گروہ کے ایک سیل کو تباہ کردیا ہے۔
یہ کارروائی ان حملوں کے بعد کی گئی جن میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق، جیش العدل نامی دہشت گرد گروہ کے ارکان نے گزشتہ سال نومبر میں تفتان میں دو پولیس گشتی ٹیموں پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جب وہ مقامی شہریوں کی درخواست پر ایک مشن سے واپس آرہے تھے۔
دہشت گردوں کے اس حملے میں دس پولیس اہلکار اور فوجی شہید ہوگئے تھے۔
گرفتار ہونے والے ایک دہشت گرد نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے جیش العدل کے ایک تربیتی مرکز میں دس روزہ تربیت حاصل کی اور انہیں کلاشنکوف، رائفل اور ایک موبائل فون فراہم کیا گیا۔
ایرانی سیکورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔