Nov ۰۱, ۲۰۲۵ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  •  ایران اور پاکستان کا دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

پاکستان کے وفاقی وزیرِ تجارت اور ایرانی سفیر کےدرمیان ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سحرنیوز/ایران: پاکستان کے وفاقی وزیرِ تجارت اور ایرانی سفیر کےدرمیان ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے دوطرفہ تجارت میں ہونے والی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے پاکستان سے چار لاکھ ٹن چاول کی درآمد مکمل کر لی ہے، جبکہ اب وہ مویشیوں کی خوراک اور مکئی کی خریداری کے لیے تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات اور مشترکہ ثقافتی و تاریخی رشتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دوہزار اٹھائیس تک دوطرفہ تجارت کا حجم دس ارب امریکی ڈالر سالانہ تک پہنچایا جائے گا۔

 


پاکستانی وزارت تجارت سےجاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ایرانی سفیر کو پاکستان و ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے بائیسویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور ایرانی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو " فوڈ ایگ " نمائش میں شرکت کی دعوت دی ، جو پچیس سے ستائیس نومبر دوہزار پچیس تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے لیے زرعی و غذائی شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔

ملاقات میں دونوں فریقوں  نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

ٹیگس