ایرانی مسلح افواج نے دشمنوں کی سازشیں نقش برآب کردیں
سپاہ پاسداران انقلاب کی زمینی فورس کے کماںڈر نے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے ملک کے شمال مغربی اور جنوب مشرقی علاقوں میں دشمنوں کی سازشیں نقش برآب کردی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب کی زمینی فورس کے کماںڈر نے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے ملک کے شمال مغربی اور جنوب مشرقی علاقوں میں دشمنوں کی سازشیں نقش برآب کردی ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فورس کے کمانڈر جنرل محمد کرمی نے جمعرات 9 جولائی کو بتایا کہ امریکی اور اسرائیلی حکومتوں نے شمال مغربی اور جنوب مشرقی ایران میں انقلاب مخالف دہشت گرد گروہوں کو ایران پر حملے کے لئے پوری طرح تیار کردیا تھا لیکن عوام کی ہوشیاری اور حمایت سے ملک کی مسلح افواج، سپاہ، فوج اور عوامی رضاکار فورس بسیج نے ان علاقوں میں دشمنوں کی سازشیں ناکام بنادیں۔
انھوں نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب، اپنی مخصوص بصیرت کے ساتھ سبھی مسائل بالخصوص دفاعی امور پر گہری اور جامع نظر رکھتے تھے، آپ نے دنیا کے سبھی ملکوں کی فوجی ڈاکٹرائن کا بہت گہرا مطالعہ کررکھا تھا، ان سے پوری طرح واقف تھے اوراسی بنیاد پرآپ نے دفاعی منصوبے تیار کئے تھے۔
جنرل محمد کرمی نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب مسلح افواج کو جدید ٹیکنالوجی میں مہارت کی تاکید کرتے تھے اور ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ مستقبل کی جنگیں جدید ٹیکنالوجی پر استوار ہوں گی اس لئے اس شعبے پر خصوصیت کے ساتھ توجہ دی جائے۔
جنرل کرمی نے کہا کہ ایرانی عوام کی ہوشیاری اور سبھی مسلح افواج، سپاہ، فوج اور عوامی رضاکار فورس بسیج کی بر وقت کارروائیوں نے دشمنوں کی سازشیں نقش برآب کردیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی، خدا پر توکل، ہدایات الہٰی اور شہید رہبر انقلاب کی دقیق منصوبہ بندی کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel