Aug ۲۱, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۹ Asia/Tehran
  • بدعنوانی اور سماجی ناانصافی کو اصولی طور پر دور کیا جائے، آیت اللہ العظمی سیستانی

نامور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے عراق میں اصولی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے فرانس پریس کی جانب سے کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اگر بدعنوانی اور سماجی ناانصافی کے سلسلے میں حقیقی تبدیلیاں نہیں لائی گئیں تو حالات پہلے سے زیادہ، بدتر ہو جائیں گے۔ آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مراجع کرام نے ہمیشہ حکومتوں کو بدعنوانی کی بابت خبردار کیا ہے اور حکومتی مراکز اور سماجی اداروں کو بہتر سہولیات پیش کرنے کی صلاح دی ہے۔ آپ نے کہا کہ اصلاحات میں تاخیر، حکومت کے لئے خطرناک ثابت ہو،سکتی ہے۔ واضح رہے کہ آیت اللہ العظمی سیستانی نے گذشتہ سات اگست کو عراقی وزیر اعظم سے کہا تھا کہ اصلاحاتی عمل اور مالی بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت کو چاہئے کہ جرات اور شجاعت سے کام لے۔ عراقی حکومت نے بھی نو اگست کو اس سلسلے میں ایک اصلاحاتی منصوبہ پیش کیا تھا جسے پارلیمنٹ نے منظوری دے دی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے زور دیکر کہا تھا کہ بدعنوانی کا مقابلہ آسان نہیں ہو گا اور جن لوگوں کے مفادات بدعنوانیوں سے وابستہ رہے ہیں وہ، ملک میں ہونے والے تمام اصولی اقدامات کو بھی بے اثر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ٹیگس