عراق: بدعنوان عہدے داروں کی برطرفی پر تاکید
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ بدعنوان حکام پر قانونی طریقے سے مقدمات چلا کر ان کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیں۔
جرمنی کی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے ہفتے کے دن اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ عوام بدعنوان حکام کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں جو کہ ان کا حق ہے۔ حیدر العبادی نے مزید لکھا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اس سلسلے میں اپنا فرض ادا کرنا چاہئے اور ان کو اپنی یہ ذمہ داری دوسروں کے کندھوں پر نہیں ڈالنی چاہئے۔ عراقی وزیر اعظم نے مزید لکھا ہے کہ مظاہرین دہشت گردی سے مقابلے، سروسز اور شہری سہولیات فراہم کئے جانے کے خواہاں ہیں اور سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ عوام کا مطالبہ پورا کرنے کے لئے بدعنوان حکام پر قانونی طریقے سے مقدمات چلا کر ان کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیں۔ واضح رہے کہ عراق کے عوام کچھ عرصے سے مختلف شہروں میں مالی بدعنوانی اور دفاتر میں بے ضابطگیوں کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں۔ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے مراجع کرام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک میں سیاسی اور اقتصادی اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے۔