Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • عراقی دارالحکومت کی سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا کام شروع

عراقی وزیر اعظم کے حکم سے دارالحکومت بغداد کی سڑکوں پر کھڑی کئی گئی کنکریٹ کی رکاوٹیں ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے-

العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد وزیراعظم حیدر العبادی نے گرین زون سمیت بغداد کی اہم سڑکوں سے کنکریٹ کی رکاوٹیں ہٹائے جانے کا فرمان جاری کر دیا ہے-

درایں اثنا بغداد آپریشنل کمانڈ کے سربراہ عبدالامیر الشمری نے اس شہر کی سڑکیں کھولے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سڑکوں کو بھی کھولا جا رہا ہے جنھیں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا تھا- دوسری جانب عراقی وزارت دفاع نے صوبہ الانبار کے الجبانیہ علاقے میں داعش کی رسد لائنیں کاٹ دیئے جانے کی خبر دی ہے -

وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ الجبانیہ کے علاقے میں داعش کی رسد لائنیں کاٹے جانے کے ساتھ ہی اس علاقے میں دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے- عراق کی مسلح افواج، صوبہ الانبار کے الکرمہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں- اس کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے-

عراقی اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ صلاح الدین میں سامراء کے مضافات میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے اس علاقے کے کچھ دیہاتوں کو آزاد کرا لیا- سامراء کے مضافات میں دسیوں داعش دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں جبکہ ان کی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں- عراقی فوج اور سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں کے بعد سامراء کے مضافات میں صوبہ نینوا کی سرحدوں تک داعش جنگجؤوں کی رسد لائنیں کٹ گئی ہیں-

ٹیگس