کابل میں ایران - افغانستان اقتصادی کانفرنس
Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۸ Asia/Tehran
ایران اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کابل میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی-
موصولہ رپورٹوں کے مطابق بدھ کے روز کابل میں ایران اور افغانستان کے درمیان تجارتی مواقع کا جائزہ لینے کے لئے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس سے دونوں ملکوں کی تجارتی و اقتصادی شخصیتوں نے خطاب کیا- اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کابل میں ایران کے نائب سفیر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک ، پابندیاں ختم ہونے کے بعد پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تجارت کو بڑھانے اور اقتصاد کو بہتر بنانے کے لئے موثر قدم اٹھائیں گے-افغانستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق ادارے کے سربراہ محمد قربان حق جو نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے تجارتی وفد کے دورہ افغانستان کا خیرمقدم کیا اور اپنے ملک میں ایرانی سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولیات فراہم کئے جانے پر تاکید کی-
اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے تجارتی قونصلر محمد رضا کریم زادہ نے چابہار بندرگاہ کی گنجائش اور امکانات، موجودہ ٹرانزٹ کوریڈور اور پابندیوں کے بعد کی فضا سے فائدہ اٹھانے سمیت ایران اور افغانستان کے درمیان تجارتی صورت حال پر روشنی ڈالی-
ایران کے تجارتی قونصلر نے افغانستان اور ایران کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان تعاون کے لئے منظم منصوبہ بندی اور مشترکہ پروگراموں کا مطالبہ کیا- ایران اور افغانستان کے درمیان سالانہ تجارتی لین دین ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور ایران ، افغانستان کے لئے مختلف اشیاء برآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک شمار ہوتا ہے-