Sep ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • دشمنوں کو سخت جواب ملت یمن کی اسٹریٹیجی: انصاراللہ
    دشمنوں کو سخت جواب ملت یمن کی اسٹریٹیجی: انصاراللہ

یمن کی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کی جارحیت کے خلاف ملت یمن کا سخت جواب یمن کی اسٹریٹیجی ہے-

یمن کی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے تسنیم خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جارحانہ اقدامات کے خلاف ملت یمن کا جواب علاقے کے توازن کو بدل کررکھ دے گا، کہا کہ صافر میں قابضوں کے فوجی اڈے پرمیزائل حملے نے جارحین کو منہ توڑ جواب دینے کی ملت یمن کی توانائی کو ثابت کردیا-

محمد البخیتی نے یمن کی فوج اورعوامی فورس کی کمزوری کے قابضوں کے دعوی کو بےبنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ یمن کے شہری علاقوں پرسعودی عرب کے وحشیانہ حملے جاری رہنے کی صورت میں یقینی طورپرسعودی عرب کے ریاض اور جدہ شہریمنیوں کے میزائل حملوں کا نشانہ بنیں گے-

 انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس سو سولہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ قراردادوں میں یمن کی آزادی و خود مختاری کے تحفظ کی ضرورت پرتاکید کے پیش نظرقابضوں کے حق میں جاری کی گئی قرارداد بائیس سوسولہ موجودہ حالات میں قابل قبول نہیں ہے-

 ادھربعض ممالک کی طرف سے یمن کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی والے عرب اتحاد کی حمایت کے تسلسل میں قطر نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ایک ہزارفوجی جدید فوجی ساز و سامان کے ساتھ یمنی عوام کے خلاف جارح سعودی عرب کا ساتھ دینے کے لئے یمن پہنچ گئے ہیں-

 دریں اثنا یمن کے خلاف جارح اتحاد کے ترجمان احمد عسیری نے یمنی فوج کے مقابل اپنی افواج کی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ مآرب میں اسلحے کے گودام پریمنیوں کے میزائل حملے کے نتیجے میں سعودی عرب کے سولہ فوجی، متحدہ عرب امارات کے پینتالیس اور بحرین کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں-

ٹیگس