پاکستان، افغانستان اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلرلے
پاکستان افغانستان اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلرلے کے باعث بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے ۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق چترال ، دیر اسلام آباد، لاہور گجرانوالہ اورپشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ لاہور میں مسلسل آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے - مجموعی طور پر پاکستان اور افغانستان میں اب تک جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد ایک سو بیس سے زیادہ ہوگئی ہے -
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے جبکہ چترال اور دیر کے علاقے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں - صرف دیر میں پچیس سے زیادہ افرادجاں بحق ہوئے ہیں باجوڑایجنسی سرگودھا اور سوات میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں -
ابتدائی خبروں میں پاکستان میں جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد ایک سو سے زائد بتائی گئی ہے سوات کےاسپتال میں سیکڑوں زخمیوں کو منتقل کیاگیا ہے اور دیگرعلاقوں کے اسپتالوں میں بھی زخمیوں کو منتقل کیا جارہا ہے - پشاور اورلاہور میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے موبائل فون سروس بھی رک گئی ہے- زلزلے کے شدید جھٹکے مالا کنڈ ڈویژن، بھکر کوہاٹ اور گرد ونواح میں بھی محسوس کئے گئے -
زلزلے کی قوت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ سات ریکارڈ کی گئی جبکہ زیرزمین اس کی قوت آٹھ اعشاریہ ایک بتائی گئی ہے - زلزلے کی وجہ سے لوگ سراسیمگی کے عالم میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے -
وزیراعظم پاکستان نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سول ، ملٹری اورصوبائی ایجنسیوں کو متحرک کردیا ہے اور تمام صوبوں میں ہنگامی حالت نافذکردی گئی ہے -
ادھر ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر اور کرگل کے علاقے میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ابتدائی اطلاعات میں بتایاگیا ہے کہ وادی کشمیر کے بارامولا کے علاقے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے جبکہ سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں - کرگل میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے -
افغانستان میں بھی زلزلے کے نتیجے میں ایک اسکول میں کم سے کم بارہ اسکولی بچے جاں بحق ہوگئے - جبکہ مجموعی طور پرافغانستان میں اب تک درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے - زلزلے کا مرکزا فغانستان کاکوہ ہندوکش کا علاقہ بتایاگیا ہے -
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران متاثرہ علاقوں میں آفٹرشاکس کا خدشہ ظاہر کیا ہے - ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے شدید ترین زلزلہ ہے -