Oct ۲۷, ۲۰۱۵ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • عراق کے مفتی شیخ مہدی الصمیدعی
    عراق کے مفتی شیخ مہدی الصمیدعی

عراق کے مفتی نے سعودی عرب کے بادشاہ سے معروف شیعہ مذہبی رہنما شیخ باقر النمر کے کیس میں مداخلت کرکے ان کی سزائے موت کے فیصلے پر عمل درآمد روکے جانے کی اپیل کی ہے۔

عراق کے مفتی شیخ مہدی الصمیدعی نے پیر کے روز العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کے شاہ سلمان سے اپیل کی ہے کہ وہ، شیخ باقر النمر کے خلاف سنائے جانے والے ناحق فیصلے پر عمل درآمد رکوائیں۔

عراق کے مفتی نے کہا کہ شیخ باقر النمر کے خلاف عائد کیا جانے والا کوئی بھی الزام، ایسا نہیں ہے کہ جس کی بنیاد پر انھیں سزائے موت دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ شیخ باقر النمر کے خلاف سزائے موت کا فیصلہ اس معروف شیعہ عالم دین اور سعودی عرب کے اس مذہبی رہنما پر سراسر ظلم ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی عدالت عالیہ نے شیخ باقر النمر کے خلاف سزائے موت کے حکم کی توثیق کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کے لئے اسے سعودی بادشاہ کے دفتر بھیج دیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ شیخ باقر النمر کے خلاف سزائے موت کے فیصلے پر سعودی عرب اور بیرونی حلقوں میں شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

ٹیگس