صیہونی فوج کے حملوں میں دو اور فلسطینی شہید
-
صیہونی فوج کے حملوں میں دو اور فلسطینی شہید
صیہونی فوجیوں کے حملوں میں مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے-
فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعے کو صیہونی فوجیوں کے حملوں میں مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد انتفاضہ قدس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اکہتر سے تجاوز کرگئی ہے۔
صیہونی فوجیوں نے جمعے کو غرب اردن کے علاقے زعتر میں ایک چیک پوسٹ کے قریب گولی مارکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر البیرہ میں فلسطینی مظاہرین پر جیپ چڑھا دی ۔جس سے متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے ۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح مشرقی بیت المقدس میں مسجد الاقصی کے قریب بھی بلا اشتعال فائرنگ کردی جس میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعے کے دن صیہونی فوجیوں کے حملوں میں ہونے والی شہادتوں کے بعد اکتوبر کے اوائل سے شروع ہونے والی تحریک انتفاضہ قدس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اکہتر سے تجاوز کرگئی ہے۔اس تحریک میں مجموعی طور پر بارہ صیہونی ہلاک اور ایک سو بیس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو بھی مغربی کنارے کے علاقے الخلیل میں فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔جمعرات کے روز مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے ، صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو اغوا بھی کرلیا ہے۔
مظاہرین فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ اقدامات کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اطلاعات ہیں کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پورے فلسطین میں القدس کی تحریک انتفاضہ کے حق میں مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہروں کی اپیل، حماس اور جہاد اسلامی سمیت مختلف فلسطینی تنظیموں نے کی تھی ۔
فلسطینی تنظیموں کے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف تحریک انتفاضہ کا دائرہ وسیع کیا جائے اور اسے انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں یعنی اسرائیل کے اندر تک پھیلا دیا جائے۔ان بیانات میں فلسطینی مجاہدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صیہونی فوجیوں کے خلاف اپنی جدوجہد تیز کردیں ۔
قابل ذکر ہے کہ یکم اکتوبر سے صیہونی حکومت کے خلاف تحریک انتفاضہ قدس کا سلسلہ جاری ہے جس کا آغاز مسجد الاقصی کے علاقے سے ہوا ہے۔اسرائیل کے خلاف تحریک انتفاضہ قدس اس وقت شروع ہوئی جب انتہا پسند صہیونی آبادکاروں نے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت سے مسجد الاقصی پر حملے شروع کردیئے تھے۔
صیہونی حکومت مسجد الاقصی کو تقسیم کرنے کے ناپاک منصوبے پر عمل کررہی ہے جس کے خلاف فلسطینی عوام نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔