افغانستان: مسجد پر راکٹ حملہ، 6 جاں بحق
Oct ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد پر راکٹ حملے میں متعد د افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق ایک راکٹ جمعے کی شام صوبہ ننگرہار کے شہر ایچن کی اس مسجد پر لگا جس کے قریب ایک سیکورٹی چیک پوسٹ قائم ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ راکٹ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے داغا ہے۔
ننگر ہار پولیس چیف حضرت حسین مشرق وال نے بتایا ہے کہ راکٹ حملے کے سلسلے میں ایک غیر ملکی اور ایک افغان شہری کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم غیرملکی شخص کی شہریت کے بارے میں انہوں نے کوئی اشارہ نہیں کیا۔
قابل ذکر ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے حال ہی میں افغان سیکورٹی فورس اور طالبان پر حملے شروع کردیئے ہیں۔ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع افغانستان کے صوبے ننگر ہار کو داعش کا مضبوط گڑھ تصور کیا جارہا ہے۔