سعودی عرب کی فوجی تنصیبات پر یمنی فورسز کے حملے
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مختلف کارروائيوں کے دوران سعودی فوج کی مختلف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر کے علاقے ربوعہ میں سعودی فوج کی آٹھ گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔ یمنی فوج کے توپ خانے نے الحصن اور المحاضی کے علاقے میں سعودی فوج کے سرحدی کمانڈ سینٹروں پر دس مارٹر گولے فائر کئے جس سے مذکورہ دونوں سینٹروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یمن کی سرکاری خبررساں ایجنسی صبا نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ نجران کے علاقے میں واقع سعودی فوجی چھاونی کو بھی یمنی فوج کے جوانوں نے نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے نجران کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران سعودی فوج کا ایک جدیدترین ٹینک تباہ کردیا ہے۔
یمنی فوج نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ہوائی حملوں کے مقابلے میں یمنی عوام کا دفاع اور جوابی کارروائياں کرتی رہے گی۔ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کو چھے ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے کہ جس کے دوران چھے ہزار سے زائد یمنی شہری شہید ہوچکے ہیں۔