اشرف غنی کی امریکی کانگرس کے وفد سے ملاقات
-
اشرف غنی کی امریکی کانگرس کے وفد سے ملاقات
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کابل میں امریکی کانگرس کے ایک وفد سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی برادری کے سنجیدہ عزم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر کے پریس دفتر نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر محمد اشرف غنی نے امریکی کانگرس کے بعض اراکین سے ملاقات میں افغانستان کی سیکورٹی مشکلات اور بدامنی میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں میں تبدیلی آ رہی ہے اور قلیل مدت میں ان کے ساتھ مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان اور علاقے میں بدامنی کی ایک وجہ اقتصادی بدعنوانی اور کرپشن ہے کہ جو دہشت گردی کی حمایت کا موجب بنتی ہے۔ اس بیان کے مطابق امریکی کانگرس کے اراکین نے بھی اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان کی اقتصادی ترقی کے لیے کا بل کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل اور واشنگٹن کے حکام نے اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انتہا پسندی سمیت مختلف میدانوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے نیز افغانستان اور علاقے کے حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ امریکی کانگرس کی مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سربراہ افغانستان جانے والے اس امریکی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔