Nov ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • عراقی پناہ گزینوں کی وطن واپسی
    عراقی پناہ گزینوں کی وطن واپسی

پینتالیس ہزار عراقی خاندان صوبہ صلاح الدین میں اپنے اپنے گھر واپس لوٹ آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق عراق کے صوبہ صلاح الدین کے بعض علاقوں کی، داعش کے قبضے سے آزادی کے بعد پینتالیس ہزار عراقی خاندان اپنے گھروں کو واپس آگئے ہیں۔

صوبہ صلاح الدین کی صوبائی کونسل کے رکن بدرالفحل نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراقی افواج کی پیش قدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ صلاح الدین کے بعض علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے بعد پینتالیس ہزار عراقی خاندان اپنے گھروں کو واپس آگئے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بیجی کے علاقے کو بموں اور بارودی سرنگوں سے پاک کردیا گیا ہے، کہا کہ عراقی افواج صوبہ صلاح الدین کے دیگر خاندانوں کی بھی، جو ابھی تک واپس نہیں آسکے ہیں، گھر واپسی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عراق میں گزشتہ بیس اکتوبر کو عوامی رضاکاروں کی مدد سے عراقی فوج کے ہاتھوں شمالی علاقے بیجی کی داعش گروہ کے قبضے سے آزادی کے بعد عراقی پناہ گزینوں کی صلاح الدین میں اپنے گھروں میں واپسی شروع ہو گئی ہے۔

ادھر عراق کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ عراقی فوج نے مغربی شہر الرمادی میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے پر حملہ کرکے بائیس افراد کو اس دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے جبکہ عراقی فوج نے عوامی رضاکاروں کی مدد سے صوبہ الانبار میں داعش کے بیس دہشت گردوں کو ہلاک اور چار کار بموں کا پتہ لگا کر ان کو ناکارہ بنا دیا۔

دریں اثنا عراقی فوج نے مشرقی علاقے بعقوبہ کے ایک گاؤں المخیسہ کے پاس ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

اس کارروائی میں دو عراقی فوجی اور متعدد دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ 



ٹیگس