زائرین کربلا کے خلاف دس دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنادیا گیا : عراقی ذرائع
-
زائرین کربلا کے خلاف دس دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنادیا گیا : عراقی ذرائع
چہلم امام حسین علیہ السلام میں کربلا جانے والے زائرین کے خلاف دس دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنادیا گیا ہے۔
عراقی ذرائع کے مطابق گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران جنوبی اور شمالی بغداد کے مختلف علاقوں سے گزرنے والے زائرین کے خلاف دہشت گردی کی دس کارروائیوں کو بروقت ناکا م بنایا جا چکا ہے۔
بغداد آپریشنل کمانڈ نے بتایا ہے کہ پیر کے روز چار خود کش حملہ آوروں کو اس وقت ہلاک کردیا گیا جب وہ شمالی بغداد کے حی الجہاد، سیدیہ ، لطیفیہ، اور الشعب نامی علاقوں میں پیدل چلنے والے زائرین کے درمیان گھس کر دھماکہ کرنا چاہتے تھے۔ ایک اورخودکش حملہ آور کو جنوبی بغداد کے علاقے کوئیریش میں زائرین کے درمیان گھسنےسے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔
عراق کے انسداد دہشت گردی کے خصوصی ادارے نے منگل کے روز ایک کارروائی کے دوران مرکزی صوبے بابل کے علاقے اسکندریہ میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔ صوبہ واسط کے شہر صویرہ میں بھی عراقی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد کو گرفتار اور دہشت گردی کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج نے الدورہ آئل ریفائنری کے قریب ، زائرین کی گزرگاہ کے ساتھ، تیار حالت میں رکھی گئی ایک خودکش جیکٹ کا پتہ لگانے کے بعد اسے ناکارہ بنا دیا ۔
عراقی سیکورٹی فورس نے صوبہ بابل میں عزاداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کے ایک نیٹ ورک کو بھی تہس نہس کر دیا ہے۔