شمال مشرقی شام میں دہشت گردانہ حملہ، پندرہ افراد جاں بحق
-
شمال مشرقی شام میں دہشت گردانہ حملہ، پندرہ افراد جاں بحق
شمال مشرقی شام میں واقع صوبے حسکہ میں ہونے والے تین دہشت گردانہ کار بم دھماکوں میں کم از کم پندرہ افراد جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ دہشت گردانہ بم دھماکے شمال مشرقی شام کے صوبے حسکہ کے شہر تل تمر کے تین مختلف علاقوں میں ہوئے جن میں پندرہ افراد جاں بحق اور نوّے دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کی شدّت کے پیش نظر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان پایا جاتا ہے۔
داعش دہشت گرد گروہ نے فروری دو ہزار پندرہ میں شام کے شہر تل تمر کے قریب نہر الخابور پر قبضہ کرکے دو سو بیس عیسائیوں کو اغوا کرلیا تھا جبکہ شام کی کرد ملیشیا نے ایک کارروائی کرکے اس علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا۔
واضح رہے کہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے فضائی حملوں اور شامی فوج کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد دہشت گرد گروہوں نے شام کے مختلف علاقوں میں اپنے وحشیانہ حملے شروع کر دیئے ہیں۔