Dec ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • دمشق امن مذاکرات میں شرکت کے لئے آمادہ ہے: شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم
    دمشق امن مذاکرات میں شرکت کے لئے آمادہ ہے: شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے شامیوں کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کے لئے دمشق کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے جمعرات کو بیجنگ میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ دمشق جنیوا میں بیرونی مداخلت کے بغیر شامیوں کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات شام میں متحدہ قومی حکومت کی تشکیل پر منتج ہوں گے۔

ولید المعلم نے کہا کہ متحدہ قومی حکومت اپنے قیام کے فورا" بعد نئے آئین اور نئے انتخابی قوانین کی تدوین کے لئے آئینی کمیٹی تشکیل دے گی تاکہ اٹھارہ ماہ کی معینہ مدت میں انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوسکے۔

ان کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ کے منصوبے میں متحدہ قومی حکومت کی تشکیل اور انتخابات کے انعقاد کے لئے دوسالہ مدت معین کی گئی ہے لیکن پہلے جنگ ختم ہونی چاہئے۔

شام کے وزیر خارجہ نے بحران شام کے سیاسی حل کے مقصد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاس ہونے والی قرارداد بائیس چون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک اس قرارداد پر عمل کرنے کے پابند ہیں اور شام بھی اس پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے کیونکہ وہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلے کے شامی عوام کے حق کا احترام کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے امن کے عمل کو فعال کرنے کے لئے ممکنہ راہوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے رواں ہفتے کے اوائل میں شام کی سیاسی شخصیات اور حکام کو چین کے دورے کی دعوت دی تھی۔

ٹیگس