پاکستان سے بنگلہ دیش کے سفیر کی واپسی
پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد بنگلہ دیش نے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے، جس نے اپنا نام نہ بتائے جانے کی خواہش ظاہر کی ہے، پی ٹی آئی سے گفتگو میں اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد حکومت بنگلہ دیش نے پاکستان سے اپنے سفیر کی واپسی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ بنگلہ دیش کے اس عہدیدار کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کے سفیر سہراب حسین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ملک واپس لوٹ آئیں۔
حکومت بنگلہ دیش کی جانب سے یہ اقدام، پاکستان کی طرف سے اپنی خاتون سفارتکار کو بنگلہ دیش سے واپس بلائے جانے کے ایک ہفتے بعد عمل میں آیا ہے۔ پاکستان کی اس خاتون سفارتکار پر حکومت بنگلہ دیش نے غیر قانونی مسلح گروہ کے ساتھ رابطہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ حالانکہ حکومت پاکستان نے حکومت بنگلہ دیش کے اس الزام کی تردید کی ہے مگر اس نے بنگلہ دیش سے اپنے ملک کی اس خاتون سفارتکار کو واپس بلا لیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت بنگلہ دیش نے ایک سال قبل بھی اپنے ملک سے پاکستان کے ایک سفارتکار کو نکال دیا تھا۔