Jan ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • افغانستان: غیر ملکی قونصل خانوں کے قریب بم کا دھماکا، متعدد افراد ہلاک

افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستان، ہندوستان اور ایران کے قونصل خانوں کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں چھے افراد ہلاک ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت چھے افراد ہلاک جبکہ تین اسکولی بچوں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوئے۔

افغان خبر رساں ایجنسی خامہ پریس نے ننگر ہار پولیس چیف عطاء اللہ خوگیانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔ صوبائی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ یہ حملہ پاکستانی قونصل خانے کے قریب کیا گیا۔

خبر رساں ادارے طلوع کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی قونصل خانے کی حفاظت پر مامور اہلکار ہلاک ہوئے۔

رپورٹوں بتایا گیا ہے کہ خود کش حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ سیکورٹی حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کچھ حملہ آور پاکستان اور ہندوستان کے قونصل خانوں کے قریب کسی عمارت میں چھپے ہو سکتے ہیں۔

افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور غیر ملکی قونصل خانوں کے قریب واقع ننگرہار کے ڈپٹی گورنر کے گھر میں داخل ہو گئے جہاں ان کی سیکورٹی اہلکاروں سے جھڑپ بھی ہوئی۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ جلال آباد، پاکستان کی سرحد کے ساتھ واقع افغان صوبے ننگرہار کا دارالحکومت ہے جسے داعش کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔

ٹیگس