انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کئی بم دھماکے، متعدد افراد ہلاک
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں کئی افراد ہلاک ہو گئے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے کئی بم دھماکوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے بم دھماکوں، فائرنگ اور حملہ آوروں کے خلاف پولیس کی جوابی کارروائی میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔
ان ذرائع کے مطابق جن علاقوں میں یہ دہشت گردانہ کارروائیاں ہوئی ہیں وہاں کچھ عمارتوں کو خالی کرالیا گیا اور راستوں کو بند کر دیا گیا۔ ان دھماکوں کے بارے میں ابھی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انڈونیشیا کی انسداد دہشت گردی پولیس نے نئے عیسوی سال کے آغاز سے دو ہفتے پہلے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی اور کئی دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔
ادھر انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے جکارتہ میں ہونے والے بم دھماکوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اپنے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔
جوکو ویدودو نے کہا کہ ہمارے ملک اور عوام ہراساں نہ ہوں، ہم ان دہشت گردانہ اقدامات سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جو امن و سلامتی میں خلل اور عوام میں وحشت کا سبب بنے ہیں۔ انڈونیشیا کے صدر نے عوام سے اپیل کی کہ ان حملوں میں ملوث افراد کے بارے میں قیاس آرائیوں سے پرہیز کریں۔
ادھر انڈونیشیا کی پولیس کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ یہ یقینی طور پر دہشت گردانہ حملے ہیں لیکن ابھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ یہ حملے داعش کی طرف سے کئے گئے ہیں۔