افغانستان: جلال آباد میں دھماکہ، دسیوں ہلاک و زخمی
افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ایک خود کش حملے میں کم سے کم تیرہ افراد ہلاک اور چودہ دیگر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور نے ایک مقامی سیاستداں عبیداللہ شنواری کے گھر پر جاری ایک تقریب کو نشانہ بنایا تاہم خود شنواری اس حملے میں محفوظ رہے۔
عبیداللہ شنواری شہر جلال آباد کے معروف سیاستداں تصور کئے جاتے ہیں۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر نے اس خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا نشانہ عبیداللہ شنواری تھے۔
یہ خود کش دھماکہ اتوار کی صبح ساڑھے دس بجے شنواری کے گھر پر ہوا جہاں لوگ ایک خاندانی تقریب کے لئے جمع تھے۔
بعض خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شنواری کے بیٹے کو حال میں طالبان کی قید سے رہائی ملی تھی جس کی خوشی میں لوگ ان کے گھر پر جمع تھے۔
پچھلے پانچ روز میں جلال آباد شہر میں یہ دوسرا بڑا خود کش حملہ ہے۔
اس سے پہلے بدھ کو جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر خود کش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔