Jan ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • اسلامی تعاون تنظیم ، تہران اور ریاض کے درمیان کشیدگی میں کمی کی خواہاں

اسلامی تعاون تنظیم نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی ہے-

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد مدنی نے جمعرات کو جدہ میں ایران اور سعودی عرب کا نام لئے بغیر کہا کہ اس تنظیم کے بعض اراکین کے درمیان کشیدگی جاری رہنے سے اس اسلامی سیاسی ادارے میں اختلافات گہرے ہو سکتے ہیں-

درایں اثنا سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جن کی درخواست پر یہ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ہے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملہ صرف ایک سانحہ نہیں تھا اور تہران نے اس کا مقابلہ کرنے کے لئے بہت معمولی اقدامات کئے ہیں-

عادل الجبیر کے ایران مخالف دعوے ایسے عالم میں سامنے آئے ہیں کہ ایرانی حکام نے سعودی عرب کے سفارت خانے پر مظاہرین کے حملے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے ان پر مقدمہ چلانے کی تاکید کی ہے-

اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی منگل کو جدہ روانہ ہوئے -

اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کا مقصد علاقائی مسائل سمیت ایران میں سعودی عرب کے سفارتخانے پر حملے کا جائزہ لینا ہے-

تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، سعودی عرب میں آیت اللہ باقر نمر کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد ہوا تھا- سعودی عرب کی آل سعود حکومت نے دو جنوری دوہزار سولہ کو سعودی عرب کے بزرگ شیعہ عالم دین آیت اللہ نمر باقر النمر کو سزائے موت دے دی جس پر دنیا کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا-

ٹیگس