بحرین: عوام نے پرامن مظاہرے کر کے جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ کیا
بحرینی عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں پرامن مظاہرے کر کے اپنی انقلابی تحریک جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئےجمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بحرین سے موصولہ خبروں کے مطابق دراز کے علاقے میں بحرینی شہریوں نے جمعے کو ایک مظاہرہ کر کے اپنی انقلابی تحریک کو جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا اور آل خلیفہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شیخ علی سلمان کو فوری طور پر رہا کردے -
نویدارات میں بھی بحرینی شہریوں نے ایک پرامن مظاہرے میں شرکت کی مگر آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے ان پر طاقت کا استعمال کیا -
واضح رہے کہ بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق کے رہنما شیخ علی سلمان کی گرفتاری پر بحرینی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ملکوں کےعوام اور شخصیات نے بھی احتجاج اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ کرنےوالوں میں دنیا کے متعدد ملکوں کی حکومتی شخصیات اور عالمی تنظمیں بھی شامل ہیں -
شیخ علی سلمان گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے آل خلیفہ حکومت کی جیل میں ہیں -
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کے حق میں عوام کی پرامن تحریک جاری ہے جس کے دوران آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں اور سعودی فوجیوں نے سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں ، کارکنوں، عام شہریوں اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنےوالوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے۔