پچھلے تین دنوں میں شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے چار سو چوراسی فضائی حملے
Jan ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ پچھلے تین روز کے دوران شام میں دہشت گردوں کے خلاف چار سو چوراسی بار فضائی حملے کئے گئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق مغربی شام میں داعش دہشت گرد گروہ کے پیر اکھڑ چکے ہیں اور اس نے اپنی ساری توجہ دیر الزور شہر پر قبضہ باقی رکھنے پر مرکوز کر رکھی ہے۔ روسی فوج کے آپریشن کمانڈر سرگئی رودس کوئے نے کہا ہے کہ پچھلے دو ہفتے کے دوران داعش نے اپنے دو ہزار عناصر کو دیر الزور منتقل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے عناصر بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ دیرالزور میں داخل ہوئے جو بھاری مشین گنوں سے لیس ہیں۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے جنوبی صوبے درعا کے اہم اور اسٹریٹیجک شہر شیخ مسکین کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ شیخ مسکین کے نواحی علاقوں میں شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔