عراقی فوج کی کارروائی، فلوجہ میں داعش کا زبردست جانی نقصان
عراق فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ملک کےشمالی مشرقی شہر فلوجہ میں داعش کو زبردست جانی نقصان پہنچایا ہے۔
بغداد میں عراقی فوج کی آپریشن کمانڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق فوج اور رضاکار فورس کے مشترکہ آپریشن میں داعش کا ایک بڑا سرغنہ طارق شبل قرغولی اپنے چالیس ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائی فلوجہ کے علاقے بوشجل میں پوری منصوبہ بندی کے بعد انجام پائی۔ اس کارروائی میں داعش کے اڑتیس دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عراقی فوج کے بیان کے مطابق بوشجل کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لیے آپریشن کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج نے بغداد کے نواحی علاقے صوفیہ میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے اور بارودی مواد سے لدی ایک گاڑی کو میزائل کا نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں اڑتالیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عراقی فوج نے مدائن کے نواحی علاقے میں ایک الگ کارروائی کرکے دہشت گردوں کے اسلحہ کے ایک گودام پر بھی قبضہ کرلیا ہے ۔
دوسری جانب تاجی اور وردیہ نامی علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں تین افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوئے ہیں۔ عراقی فوج نے صوبہ الانبار کے مرکزی شہر رمادی میں چالیس افراد کی ایک اجتماعی قبر بھی دریافت کی ہے جو داعش دہشت گردوں کے مجرمانہ اقدامات کا ثبوت ہے۔ عراقی فوج نے رمادی شہر کو حال ہی میں داعش کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔